ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ممتا بنرجی نے سنگھو بارڈر پر احتجاج کررہے کسانوں سے بات کی، حمایت کی یقین دہانی 

ممتا بنرجی نے سنگھو بارڈر پر احتجاج کررہے کسانوں سے بات کی، حمایت کی یقین دہانی 

Wed, 23 Dec 2020 23:34:15    S.O. News Service

نئی دہلی،23دسمبر(آئی این ایس انڈیا) وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بدھ کے روز قومی دارالحکومت کے سنگھو بارڈر پر مرکزی زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں سے بات کی اور ان کی اس تحریک کی حمایت کا یقین دلایا۔ یہ معلومات ترنمول کانگریس نے دی ہے۔

ایک ماہ میں یہ دوسرا موقع ہے جب ترنمول صدر نے احتجاج کرنے والے کسانوں سے فون پر بات چیت کی ہے۔ ترنمول کے پانچ اراکین پارلیمنٹ بدھ کے روزیوم کسان کے موقع پر یکجہتی کے لئے سنگھو بارڈر پر کاشتکاروں سے ملنے پہنچے۔ ترنمول نے کہاکہ ممتا بنرجی کی ہدایت پر ڈیریک او برائن، شتابدی رائے، پرسون بنرجی، پرتیما منڈل اور محمد ندیم الحق کے پانچ رکنی وفد نے آل انڈیا ترنمول کانگریس کی جانب سے سنگھو بارڈر پر بھوک ہڑتال پر بیٹھے کسانوں سے ملاقات کی اور ان سے اظہار یکجہتی کیا۔

پارٹی کے حوالے سے کہا گیاہے کہ چھوٹے گروپوں میں کاشتکاروں نے ممتا بنرجی کے ساتھ فون پر بات چیت کی جس میں انہیں تحریک میں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ کچھ کسانوں نے انہیں اس دھرنا کے مقام پر آنے کی بھی درخواست کی۔ یہ پارٹی کسانوں کے متنازعہ زرعی قوانین کو ختم کرنے کے مطالبے کی بھی حمایت کرتی ہے۔

پارٹی کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو میں بنرجی نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ پورے ملک کو کھانا کھلانے والے کسانوں کو بھوکا مرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کسانوں کو یقین دلایاکہ کسان مخالف بلوں کو منسوخ کرنے کے لئے کسانوں کی تحریک میں ترنمول ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ہمیشہ کھڑی رہے گی۔


Share: